اسلام آباد ( اے بی این نیوز )محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں شدید سردی برقرار رہے گی۔ سرد ہواؤں اور کم درجہ حرارت کے باعث سردی کی شدت میں مزید اضافہ محسوس کیا جا سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان، کشمیر، بالائی خیبر پختونخوا اور شمالی بلوچستان میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ ان علاقوں میں چند مقامات پر ہلکی بارش اور ہلکی برفباری کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے، جس کے باعث ٹھنڈ میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بھی ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا، جبکہ بالائی پہاڑی علاقوں میں شدید سردی نے معمولاتِ زندگی کو متاثر کیے رکھا۔
جمعرات کے روز ریکارڈ کیے گئے کم سے کم درجہ حرارت کے اعداد و شمار کے مطابق لہہ میں درجہ حرارت منفی 12 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، استور میں منفی 8، کالام اور سکردو میں منفی 5 جبکہ مالم جبہ اور گوپس میں منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آنے والے دنوں میں بھی ان علاقوں میں سردی کی یہی صورتحال برقرار رہنے کا امکان ہے۔
مزید پڑھیں :عمران خان اور بشریٰ بی بی کے حوالے سے اچھی خبر،جا نئے کیا















