اسلام آباد ،مظفرآباد( اے بی این نیوز ) آج ملک بھر کی طرح آزاد کشمیر میں بھی یومِ یکجہتی کشمیر بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے، جہاں کشمیری عوام نے اپنے حقِ آزادی کے مطالبے کو ایک بار پھر دنیا کے سامنے دوٹوک انداز میں پیش کیا۔
مظفرآباد میں پاسبانِ حریت جموں و کشمیر کے زیرِ اہتمام یکجہتی کشمیر ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ دارالحکومت میں کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے انسانی ہاتھوں کی زنجیر بھی بنائی گئی، جس نے یکجہتی اور اتحاد کا بھرپور پیغام دیا۔
ریلی کے شرکاء پاکستان سے رشتہ کیا لا الہ الا اللہ، کشمیریوں سے رشتہ کیا لا الہ الا اللہ کے نعرے لگاتے رہے۔ مظاہرین کی جانب سے بھارت سے لے لیں گے آزادی، ہے حق ہمارا آزادی اور بھارتیو غاصبو کشمیر ہمارا چھوڑ دو، ہم چھین کے لیں گے آزادی جیسے نعروں سے فضا گونجتی رہی۔
کشمیری مظاہرین نے زندہ باد زندہ باد پاکستان زندہ باد اور مردہ باد مردہ باد ہندوستان مردہ باد کی پرجوش نعرہ بازی کی۔ شہریوں نے ہاتھوں میں قومی اور ریاستی پرچم تھام رکھے تھے جبکہ پاکستان اور جموں و کشمیر کی یکجہتی کے اظہار کے لیے قومی ترانہ اور کشمیر کا ترانہ بھی پیش کیا گیا۔
یکجہتی کشمیر ریلی کی قیادت چیئرمین پاسبانِ حریت عزیر احمد غزالی، وائس چیئرمین عثمان علی ہاشم، چوہدری محمد مشتاق، لیاقت علی رانا، فیصل فاروق، محمد فیاض خان اور دیگر رہنماؤں نے کی۔ کشمیری شہریوں نے سینٹرل پریس کلب مظفرآباد سے برہان وانی چوک تک مارچ کیا اور عالمی برادری سے مسئلہ کشمیر پر فوری اور منصفانہ توجہ کا مطالبہ کیا۔
مزید پڑھیں :بلوچستان سے اہم خبر آگئی















