اسلام آباد (اے بی این نیوز) درگاہ حضرت بری امام سرکار رحمتہ اللہ علیہ کے سجادہ نشین مخدوم سید نزاکت حسین کاظمی 65 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
خاندانی ذرائع کے مطابق مخدوم سید نزاکت حسین کاظمی طویل عرصے سے جگر اور گردے کے عارضے میں مبتلا تھے اور مختلف اسپتالوں میں زیر علاج تھے۔ طبی کوششوں کے باوجود وہ زندہ نہ رہ سکے اور خالق حقیقی سے جا ملے۔ ان کی وفات کی خبر پھیلتے ہی عقیدت مندوں کی بڑی تعداد درگاہ بری امام سرکار پر جمع ہونا شروع ہوگئی۔
مرحوم کا تعلق معروف روحانی گھرانے سے تھا۔ وہ مخدوم سید ذاکر حسین کاظمی کے چھوٹے بھائی اور مخدوم سید صغیر حسین شاہ کاظمی کے صاحبزادے تھے۔ اسی طرح وہ مخدوم سید طاہر حسین کاظمی، سید انتظار مہدی اور سید عمران مہدی کے چچازاد بھائی بھی تھے۔ انہوں نے روحانی خدمات اور درگاہ کے نظام کی ذمہ داریاں نہایت وقار اور دیانتداری سے ادا کیں۔
مخدوم سید نزاکت حسین کاظمی اپنی عاجزی، عوام کی خدمت اور صوفی طرز زندگی کی وجہ سے عقیدت مندوں میں ایک خاص مقام رکھتے تھے۔ ان کے پیروکاروں میں سیاست، معاشرت اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات شامل تھیں، جو ان کی موت کو ایک عظیم روحانی خلا قرار دے رہے ہیں۔
مرحوم نے سوگواران میں تین بیٹے اور دو بیٹیاں چھوڑی ہیں۔ نماز جنازہ درگاہ حضرت ولایت سرکار رحمتہ اللہ علیہ بری امام میں ادا کی جائے گی تاہم وقت کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ مرحوم کی مغفرت اور درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
مزید پڑھیں:ملک میں بارشوں اور برفباری کا نیا سسٹم داخل، پیش گوئی سامنے آگئی















