اہم خبریں

جماعت اسلامی کاہر احتجاجی دھرنے کا اعلان

کراچی ( اے بی این نیوز    ) جماعت اسلامی نے سندھ اسمبلی کے باہر احتجاجی دھرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان کے مطابق دھرنا 14 فروری سے سندھ اسمبلی کے سامنے دیا جائے گا، جس کا مقصد کراچی کے بنیادی اور دیرینہ مسائل کی جانب توجہ دلانا ہے۔

کراچی میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ آج کی ریلی میں شریک عوام شہر کی امید بن کر سامنے آئے ہیں اور وہ کراچی کو آگے بڑھتا دیکھنا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی کسی ایک طبقے کا نہیں بلکہ سندھیوں، بلوچوں، پختونوں، کشمیریوں اور دیگر تمام قومیتوں کا شہر ہے، مگر دو کروڑ نوجوان آج بھی روزگار سے محروم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکمران طبقہ وڈیروں اور جاگیرداروں کے اتحاد پر مشتمل ہے جو عوام کے مسائل حل کرنے میں ناکام ہو چکا ہے۔ حافظ نعیم الرحمان نے گل پلازہ واقعے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ میئر کراچی 23 گھنٹے بعد جائے وقوعہ پر پہنچے جبکہ لوگ آگ میں جلتے رہے، اور افسوس کہ وزیر اعظم آج تک کراچی نہیں آئے۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ کراچی ملک کو 42 فیصد ٹیکس دیتا ہے، اس کے باوجود شہر کو اس کا جائز حق نہیں دیا جا رہا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ عوام کو تقسیم رکھنے کے لیے کبھی مہاجروں کو سندھیوں سے اور کبھی سندھیوں کو مہاجروں سے لڑانے کی کوشش کی جاتی ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے زور دیا کہ کراچی کے مسائل کا واحد حل بااختیار شہری حکومت کا نظام ہے، جس کے ذریعے شہر کو اس کا حق اور عوام کو ریلیف دیا جا سکتا ہے۔

مزید پڑھیں :10000 روپے رمضان پیکج بارے اہم اپ ڈیٹ آگئی،جا نئے کس ویب سائیٹ پر کلک کریں اور رقم حاصل کریں

متعلقہ خبریں