تہران (اے بی این نیوز)ایران نے امریکا کے حملے کے بعد اسرائیل پر پہلا براہ راست میزائل حملہ کر دیا، ایران نے اسرائیل پر 25 میزائل داغ دیئے۔ خبر ایجنسیوں کے مطابق یروشلم اور تل ابیب میں متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جب کہ مختلف علاقوں میں سائرن بج اٹھے۔
اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ ایران کی جانب سے ایک نئی میزائلوں کی لہر اسرائیل کی طرف داغی گئی ہے۔ اسرائیل ڈیفنس فورسز (آئی ڈی ایف) نے اپنے بیان میں کہا کہ کچھ دیر قبل ایران سے اسرائیلی سرزمین کی جانب میزائل فائر کئے گئے، جنہیں ہماری دفاعی نظام روکنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
بیان میں عوام سے کہا گیا ہے کہ وہ فوری طور پر محفوظ مقامات پر پناہ لیں اور مزید ہدایات تک وہیں قیام کریں۔یہ ایرانی میزائل حملے امریکا کی جانب سے ایران کی تین جوہری تنصیبات فردو، نطنز اور اصفہان پر حملے کے بعد سامنے آئے ہیں۔
تجزیہ کاروں کے مطابق یہ ایران کا پہلا براہ راست فوجی ردعمل ہے جو ایک ممکنہ بڑے علاقائی تنازعے کی جانب اشارہ کرتا ہے۔ابھی تک اسرائیل میں ممکنہ نقصان کی تفصیلات سامنے نہیں آئیں، تاہم فوجی اور شہری علاقوں میں ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی ہے۔ خطے میں صورتحال مزید کشیدہ ہوتی جا رہی ہے اور خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ تصادم جلد ایک وسیع پیمانے کی جنگ کی صورت اختیار کر سکتا ہے۔
مزید پڑھیں: امریکہ حملہ افسوسناک،اشتعال انگیز اور دو رس نتائج کا حامل ہوگا،ایرانی وزیرخارجہ