اہم خبریں

ایف آئی اے کا بحریہ ٹاؤن کے ڈیلروں کے خلاف کارروائی مزید تیز ،شاہد عرف قادری کو گرفتارکر لیا گیا

اسلام آباد(اے بی این نیوز) ایف آئی اے نے بحریہ ٹاؤن کراچی کے ایک اور اہم ڈیلر، شاہد عرف قادری کو گرفتار کر لیا ہے۔ انہیں حوالہ ہنڈی اور منی لانڈرنگ کے الزامات کے تحت گرفتار کیا گیا۔ ایف آئی اے کے کارپوریٹ کرائم سرکل نے قادری کی گرفتاری کے بعد ان کا ریمانڈ بھی حاصل کر لیا ہے۔

ایف آئی اے نے بحریہ ٹاؤن کراچی میں چھاپہ مار کر شاہد عرف قادری کو گرفتار کیا، جو “علی ثقلین رئیل اسٹیٹ اینڈ بلڈرز” کے سی ای او ہیں۔ ان سے غیرملکی کرنسی بھی برآمد کی گئی ہے۔ پچھلے پندرہ دنوں کے دوران، ایف آئی اے نے بحریہ ٹاؤن کے دو دیگر ڈیلرز کو بھی گرفتار کیا ہے اور ان کے خلاف حوالہ ہنڈی اور منی لانڈرنگ کے الزامات میں تین مقدمات درج کیے ہیں۔ ایف آئی اے کی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ بحریہ ٹاؤن کے دو درجن سے زائد اہم ڈیلرز منی لانڈرنگ میں ملوث ہیں۔

تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ ایف آئی اے نے بحریہ ٹاؤن کراچی کے چوبیس ڈیلرز کے اثاثوں کی تفصیلات بھی طلب کر لی ہیں۔ ذرائع کے مطابق، آئندہ دنوں میں مزید ڈیلرز کو دبئی میں سرمایہ کاری کے الزام میں گرفتار کیا جا سکتا ہے۔ ایف آئی اے کی کارروائی کا مقصد بحریہ ٹاؤن کراچی کے ڈیلرز کی غیر قانونی مالی سرگرمیوں کو روکنا اور منی لانڈرنگ کے نیٹ ورک کو بے نقاب کرنا ہے۔

متعلقہ خبریں