اہم خبریں

قرآن کریم کی بے حرمتی ، پاکستان سویڈن پر سخت برہم ، سویڈن حکومت سے اسلاموفوبیا فوری روکنے کا مطالبہ

سسٹاک ہوم (نیوزڈیسک)پاکستان نے سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ یہ بے ہودہ اور اشتعال انگیز اسلامو فوبیا پر مبنی فعل ہے۔ترجمان دفتر خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کا گھناؤنا فعل قابل مذمت ہے، یہ بے ہودہ اور اشتعال انگیز اسلامو فوبیا پر مبنی فعل ہے۔ترجمان کا کہناتھا کہ واقعے سے کروڑوں مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچا ہے، ایسی کارروائیوں کا آزادی اظہار رائے سے کوئی تعلق نہیں۔ترجمان نے مزید کہا کہ مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانا انسانی حقوق کے بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے، اسلام امن کا مذہب ہے اور پاکستان سمیت دنیا کے مسلمان تمام مذاہب کا احترام کرتے ہیں۔ترجمان کا یہ بھی کہنا تھا کہ عالمی براداری کو اِن اصولوں کی مکمل حمایت کرنی چاہئے، عالمی برادری کو اسلاموفوبیا، زینوفوبیا اور عدم برداشت کیخلاف یکسان مؤقف اختیار کرنا چاہئے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا تھا کہ مذہب اور عقائد کی بنیاد پر تشدد کے خلاف بھی مل کر کام کرنا ہوگا، قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے پر سویڈن کے حکام کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ غیر ملکی میڈیا کے مطابق سویڈن میں ترک سفارتخانے کے باہر ایک احتجاج کے دوران قرآن پاک کی بے حرمتی کی گئی اور اسے نذر آتش کیا گیا، جس پر ترک حکومت نے استنبول میں سویڈش سفیر کو طلب کرلیا۔ترکی نے واقعے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے سویڈش وزیر کا دورہ بھی منسوخ کردیا۔

متعلقہ خبریں