اہم خبریں

سندھ کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش،70 سے زائد فیڈر ٹرپ کر گئے

کراچی (نیوز ڈیسک )پنجاب کے بعد سندھ کے مختلف شہروں میں بھی بارش سے گرمی کی شدت ٹوٹ گئی۔سکھر، لاڑکانہ اور میہڑ میں موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا جب کہ سکھر الیکٹرک سپلائی کمپنی (سیپکو) کے 70 سے زائد فیڈر ٹرپ کر گئے، علاقے تاریکی میں ڈوب گئے۔ادھر محکمہ موسمیات نے سندھ میں بارش کا سلسلہ اتوار تک جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔

دوسری جانب پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش ہوئی، جہاں فیصل آباد میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک نوجوان جاں بحق اور دو افراد زخمی ہوگئے، جن کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش سے گرمی میں کمی آئی، موسم خوشگوار ہو گیا۔کمالیہ میں آندھی اور بارش کے باعث متعدد سائن بورڈ اور درخت گر گئے۔ گوجرانوالہ میں بجلی کے متعدد فیڈر ٹرپ کرگئے جب کہ لاہور، پاکپتن، لودھراں اور بہاولپور سمیت دیگر شہروں میں موسم خوشگوار ہوگیا۔

اس کے علاوہ سبی اور ہرنائی سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش ہوئی۔ خوشاب میں بارش کے دوران چھت اور دیواریں گرنے سے 5 بچوں سمیت 6 افراد زخمی ہوگئے۔ اس کے ساتھ ہی مینگورہ شہر اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی۔
مزید پڑھیں: گرمی کا قہر،سعودی عرب میں دوران حج جاں بحق افراد کی تعداد ایک ہزار سے تجاوز کرگئی

متعلقہ خبریں