پشاور(بیورورپورٹ) صوبے میں نگران سیٹ اپ کے لئے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بعض شخصیات پر اعتراضات کر دیئے ہیں ۔ اور ان کی کلیرنس نہیں کی جا رہی ہے جس کے باعث ان کے نام نگران سیٹ اپ سے باہر کئے جانے کے امکانات ہیں جبکہ دوسری طرف نگران سیٹ اپ ، ممکنہ صوبے میں انتخابات کے لئے الیکشن کمیشن نے پیر کے روز اہم اجلاس طلب کرلیا ہے ۔ صوبائی الیکشن کمیشن میں ہونے والے اجلاس میں صوبے بھر اور قبائلی اضلاع کے الیکشن کمیشن کے افسران بھی شرکت کرینگے ۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ صوبے میں نگران سیٹ اپ کے لئے الیکشن کمیشن میں ہونے والے اجلاس میں اہم فیصلے متوقع ہے ۔ صوبے میں نگران سیٹ اپ پر اپوزیشن اور حکومت کے درمیان ڈیڈ لاک پیدا ہو چکا ہے ۔ صوبائی الیکشن کمیشن کے اجلاس میں صوبے میں ممکنہ انتخابات کے حوالے سے بھی جائزہ لیا جائے گا۔ ذرائع نے بتایاہے کہ نگران سیٹ اپ کے لئے الیکشن کمیشن کی جانب سے نامزدگیاں متوقع ہے ۔















