اسلام آباد(نیوز ڈیسک ) صدر آصف علی زرداری کو پارک لین اور توشہ خانہ ریفرنسز میں صدارتی استثنیٰ مل گیا۔اسلام آباد کی احتساب عدالت نے پارک لین اور توشہ خانہ گاڑیوں کے ریفرنس میں آصف زرداری کو صدارتی استثنیٰ دے دیا۔
مزید پڑھیں: کراچی ،محکمہ ایکسائز و نارکوٹکس کنٹرول کی کوکین ڈیلرز کے خلاف بڑی کارروائی
احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے صدر آصف زرداری کی نیب کیسز میں صدارتی استثنیٰ کی درخواستوں پر تحریری فیصلہ جاری کردیا۔تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ جب تک آصف علی زرداری ملک کے صدر ہیں ان کے خلاف مقدمات کی کارروائی آگے نہیں بڑھ سکتی۔
فیصلے میں کہا گیا کہ آصف علی زرداری کی جانب سے آئین کے آرٹیکل 248 (2) کے تحت درخواست دائر کی گئی۔فیصلے میں کہا گیا کہ ان درخواستوں پر استغاثہ کی جانب سے کوئی اعتراض یا مخالفت نہیں کی گئی،
صدر مملکت کے خلاف کوئی مقدمہ قائم نہیں کیا جا سکتا اور آئین کے آرٹیکل 248 (2) کے تحت کوئی کارروائی جاری نہیں رکھی جا سکتی۔لہٰذا صدر آصف علی زرداری کی مقدمات سے صدارتی استثنیٰ حاصل کرنے کی درخواست منظور کرلی جاتی ہے۔















