پشاور(نیوزڈیسک)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری پر دستخط کرکے ایڈوائس گورنر کو بھیج دی۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کا کہنا ہے کہ عام انتخابات میں ملک میں دو تہائی اکثریت سے حکومت قائم کریں گے۔یاد رہے کہ گورنر خیبرپختونخوا غلام علی 48 گھنٹے کے اندر سمری پر دستخط نہیں کرتے تو اسمبلی خود بخود تحلیل ہو جائے گی۔اس سے قبل پشاور میں صوبائی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے محمود خان نے کہا کہ آج صوبائی کابینہ کا آخری اجلاس تھا، تمام اراکین اسمبلی اور افسران کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے صوبے کی تعمیر و ترقی کیلئے بھرپور تعاون کیا۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ پارٹی قیادت کی ہدایات کی روشنی میں وہ آج شام صوبائی اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری گورنر کو بھجوادیں گے۔















