اسلام آباد(نیوزڈیسک) سینیٹ میں انتخابات ملتوی کروانے کی قرارداد پر خاموش رہنے پر پیپلزپارٹی قیادت نے سینیٹر بہرہ مند تنگی کو پارٹی سے نکال دیا، بہرہ مند خان تنگی نے سینیٹ اجلاس میں پارٹی بیانیے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے الیکشن کے التواء کے حوالے سے پیش کی گئی قرارداد پر خاموشی اختیار کئے رکھی ۔
صدرپیپلزپارٹی چارسدہ نعیم خان عمرزئی نے پارٹی رہنماؤں کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹر بہرہ مند خان تنگی کو پارٹی نے شوکاز نوٹس جاری کیا تھا لیکن سینیٹر بہرہ مند خان تنگی شو کاز نوٹس کا تسلی بخش جواب نہ دے سکے ۔
مزید پڑھیں؛ قبرص میں 133 جعلی شادیوں میں ملوث 15 افراد گرفتار
بہر ہ مند خان تنگی نے الیکشن کے التواء کی قرار داد پر خاموشی اختیار کرتے ہوئے سینیٹ اجلاس میں پارٹی بیانیے کی خلاف ورزی کی۔انہوں نے بتایا کہ پیپلز پارٹی کسی بھی صورت عام انتخابات ملتوی کرنے کے حق میں نہیں ہے، بہرہ مند تنگی پر پارٹی کے بڑے احسانات ہیں لیکن انہوں نے پارٹی کارکنان کے علاوہ من پسند افراد کو نوکریاں اور فنڈز جاری کروائے ۔















