اسلام آباد(نیوزڈیسک)سینئر سیاستدان مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا ہے کہ سینیٹ میں پاس کی گئی قرار داد کی قانونی اور آئینی حیثیت نہیں، قرار داد پیش کیا جانا اور منظور ہونا توجہ طلب ہے۔نجی ٹی وی سے بات چیت میں انہوں نے کہاکہ سینیٹ میں صرف 14 ارکان موجود تھے، 14 میں سے 12 لوگوں نے قرار داد کی حمایت کی، چیئرمین سینیٹ نے بھی قرار داد پیش کرنے کی اجازت دی، مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ کیا ہماری اسٹیبلشمنٹ انتخابات نہیں چاہتی؟ 2008 اور 2013 میں حالات آج سے زیادہ خراب تھے، 2018 میں بھی ہمیں خیبرپختونخوا نہیں جانے دیا جارہا تھا، انتخابات ملکی حالات بہتر کرنے کے لیے ضروری ہیں، امن و معاشی استحکام سیاسی استحکام سے منسلک ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ن لیگ کے لیے ماحول بنایا جارہا ہے، دوسری جماعت کو مہم چلانے کی اجازت بھی نہیں۔9 مئی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات نے ملک کو ہلا کر رکھ دیا، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے اچھی شروعات کی۔















