اہم خبریں

باکسنگ کی دنیا کے بے تاج بادشاہ محمد علی کے دسویں برسی

شکاگو(اے بی این نیوز) کنگ آف رنگ، باکسنگ کی دنیا کے بے تاج بادشاہ، سابق لیجنڈری امریکی باکسر محمد علی کو دنیا سے گزرے 10 سال بیت گئے۔

عالمی شہرت یافتہ باکسر محمد علی نے کیریئر میں 61 فائٹس میں حصہ لیا اور 56 میں کامیابی حاصل کی، محمد علی نے 1964ء میں دنیائے باکسنگ کے خطرناک ترین کھلاڑی سونی لسٹن کو شکست دیکر بے پناہ شہرت حاصل کی۔

باکسر محمد علی کلے نے 1988 میں پاکستان کا دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے لاہور میں حضرت داتا گنج بخش علی ہجویری کے مزار پر حاضری دی اور امت مسلمہ اور پاکستان کی کامیابی کیلئے دعا کی جبکہ فلم سٹار سلطان راہی سے بھی ملاقات کی۔

جارج فورمین کو ناک آؤٹ کرکے 32 سال کی عمر میں باکسنگ کا عالمی ٹائٹل اپنے نام کیا، لیجنڈ باکسر کو ورلڈ باکسنگ کونسل کی جانب سے کنگ آف باکسنگ کا خطاب بھی دیا گیا۔

محمد علی نے 1964ء میں اسلام قبول کیا اور اپنا نام تبدیل کر لیا، اس تبدیلی نے ان کی زندگی میں ایک نیا موڑ پیدا کیا، وہ اپنے اصولوں کے لئے کھڑے رہنے اور انسانیت کی خدمت کرنے کے جذبے کے باعث دنیا بھر میں احترام کی نظر سے دیکھے گئے۔

1967ء میں انہوں نے ویتنام جنگ میں شرکت سے انکار کیا، جس کی وجہ سے ان کا ورلڈ ہیوی ویٹ ٹائٹل چھین لیا گیا اور انہیں باکسنگ سے عارضی طور پر محروم ہونا پڑا لیکن ان کے غیر متزلزل مؤقف نے انہیں انسانی حقوق کے لئے ایک علامت بنا دیا۔

ان کی زندگی کا آخری دور پارکنسن کے مرض سے متاثر رہا لیکن اس بیماری نے ان کی روحانی طاقت اور انسانیت کے لئے محبت کو کبھی کمزور نہیں کیا، محمد علی 3 جون 2016ء کو اس دنیا سے رخصت ہو گئے مگر ان کی یادیں اور نظریات آج بھی زندہ ہیں۔
15 مزید پڑھیں: لاکھ کے مساج بل پر تنازع، معاون خصوصی کی ادائیگی کی درخواست پر سیکرٹری کے دستخط سے انکار

متعلقہ خبریں