اہم خبریں

صادق سنجرانی سے انڈونیشی سفیر کی ملاقات،باہمی دلچسپی کے امورپرتبادلہ خیال

اسلام آباد(نیوزڈیسک)چئیرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے پاکستان میں انڈونیشیا کے سفیرایڈم ٹوگیو نے پارلیمنٹ ہاوس میں ملاقا ت کی ہے،ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ تجارت اور سرمایہ کاری پر خصوصی توجہ کے ساتھ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ اقتصادی تعاون کو بڑھانے کا عزم کیاگیا،ملاقات میں مختلف شعبوں بالخصوص تجارت ،ثقافت، سیاحت کے شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے پر زور دیا گیا،اس موقع پر فریقین نے فلسطین کی حالیہ صورتحال پر تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے یو این قراردادوں کے مطابق مسئلہ فلسطین کے حل پر زور دیا،عالمی طاقتیں اسرائیل پر دباو ڈالیں کہ وہ معصوم فلسطینیوں کی نسل کشی بند کرے، چئیرمین سینیٹ نے مسلم برادر ملک انڈونیشیا کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیااورکہا کہ پاکستان انڈونیشیاء کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، دونوں ممالک نے ہمیشہ مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے، دونوں ممالک باہمی مفادات کے فروغ کے لیے مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں،انہوں نے کہاکہ پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے ماحول سازگار ہے،انڈونیشیاء کے بزنس مین پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں،دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم بڑھانے کی ضرورت ہے، چئیرمین سینیٹ نے کہاکہ پارلیمانی روابط کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ اقتصادی سفارتکاری کو بھی فروغ دینے کی ضرورت ہے، چئیرمین سینیٹ نے کہاکہ اسلاموفوبیا کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے مسلم ممالک کے درمیان اتحاد و اتفاق انتہائی ضروری ہے،ملکر اس چیلنج پر بخوبی قابو پایا جا سکتا ہے،سفیر ایڈم ٹوگیونے کہاکہ انڈونیشیاء، پاکستان کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہم سمجھتا ہے، پاکستان کی خطے میں امن کیلئے کوششیں قابل تعریف ہیں، سفیرایڈم ٹوگیونے کہاکہ انڈونیشیاء مختلف شعبوں میں پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔

متعلقہ خبریں