ملک بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 17کیس رپورٹ ہوئے ،قومی ادارہ صحت

اسلام آباد( نیوز ڈیسک)قومی ادارہ صحت ( این آئی ایچ)نے کہا ہے کہ ملک بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 17کیس رپورٹ ہوئے ۔ پیر کو این آئی ایچ کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران 3ہزار399 کورونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 17 افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے، اس طرح اس مدت میں کورونا ٹیسٹوں کی مثبت شرح 0.50 فیصد رہی ہے۔ مزید برآں اس دوران کورونا وائرس سے ایک مریض جاں بحق جبکہ20 افراد کی حالت تشویشناک ہے ۔ملک بھر کے مختلف شہروں میں24گھنٹوں کے دوران کیے گئے ٹیسٹوں میں سے کراچی میں183 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے3افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے اور یہاں مثبت کیسز کی شرح1.64فیصد رہی،لاہور میں724 ٹیسٹوں میں سے ایک ٹیسٹ مثبت اورشرح 0.11 فیصد،پشاور میں302 میں سے 6 مثبت اور شرح 1.99فیصد رہ رہی جبکہ اسلام آباد میں 205ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے ایک مریض کا ٹیسٹ مثبت آیا اور وہاں شرح 0.49فیصد رہی۔