اسلام آباد(نیوزڈیسک ) ہلال ِاحمر پاکستان کے چیئرمین سردار شاہد احمد لغاری نے مراکش میں آنے والے بدترین زلزلہ سے ہلاکتوں پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہلالِ احمر پاکستان مشکل کی اِس گھڑی میں مراکش کے ساتھ ہے، ہلالِ احمر پاکستان کی جانب سے تمام ممکنہ مدد فراہم کی جائے گی۔ اپنے تعزیتی بیان میں سردار شاہد احمد لغاری نے کہا کہ مراکو ریڈکریسنٹ کے ساتھ مکمل رابطے میں ہیں، ریلیف اور متاثرین کی بحالی میں ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔واضح رہے کہ 120 سالہ تاریخ کا یہ بدترین زلزلہ ہے، 6.8 شدت کے اِس ہولناک زلزلہ سے 2 ہزار سے زائد ہلاکتیں اور 3 لاکھ کے قریب لوگ متاثر ہوئے ہیں۔ سیکڑوں زخمی ہیں، سردار شاہد احمد لغاری کا کہنا تھا کہ زلزلہ متاثرین کوریلیف اور ریکوری سے متعلق ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔ ریڈکراس ریڈکریسنٹ موومنٹ کے اہم رکن کی حیثیت سے اپنی ذمہ داری بطریق ِ احسن نبھائیں گے۔ ہماری دعائیں مراکش عوام کے ساتھ ہیں، متاثرین زلزلہ کے دُکھ اور درد میں برابر کے شریک ہیں۔ سردار شاہد احمد لغاری نے کہا کہ مراکش کے بادشاہ کی جانب سے زلزلہ متاثرہ افراد کیلئے امداد سے متعلق ہدایات کو سراہتے ہیں۔ بنیادی ضروریات کی فراہمی کیلئے ہلالِ احمر پاکستان تیار ہے۔ انٹرنیشنل پارٹنرز سے رابطے میں ہیں۔















