اسلام آباد(نیوزڈیسک) اقلیتی رہنماسینیٹر کامران مائیکل نے جڑانوالہ میں چرچ کو جلانے اورمسیحوں کی املاک کو نقصان پہنچانے کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے سپریم کورٹ آ ف پاکستان سے ازخود نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا،بدھ کو جاری ایک بیان میں سینیٹر کامران مائیکل نے واقعے کو مذہبی ہم آہنگی اور رواداری پر حملہ قرار دیا اورمجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا،انہوں نے کہاکہ مشکل کی اس گھڑی میںہم اپنے مسیحی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑے ہیں جو اس واقعےمیں متاثر ہوئے ہیں،انہوں نے کہاکہ ہم قرآن مجید کی بے حرمتی کی مذمت کرتے ہیں ، اور ہم گرجا گھروں کو جلانے اور بائبلوں کی بے حرمتی کی بھی مذمت کرتے ہیں. انہوں نے مزید کہا کہ عیسائیوں کے ساتھ ناجائز سلوک ہم آہنگی اور احترام کے ہمارے اصولوں کی سنگین خلاف ورزی ہے۔















