ترکیہ کے صدر صدر اردوان کا پاکستان سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا ملک خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے پاکستان کی سفارتی اور مفاہمتی کوششوں کی مکمل حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے عالمی امن کے فروغ کے لیے پاکستان کے کردار کو اہم قرار دیا۔
استنبول میں وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ مشترکہ نیوز بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے صدر رجب طیب اردوان نے وزیراعظم اور پاکستانی وفد کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی اور عالمی صورتحال، تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون سمیت مختلف اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
صدر اردوان نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان برادرانہ تعلقات وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں اور دونوں ممالک ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ ان کے بقول مستقبل میں بھی یہ تعاون مختلف شعبوں میں مزید وسعت اختیار کرے گا۔
ترک صدر نے بتایا کہ خصوصی اقتصادی زونز سمیت مختلف ترقیاتی منصوبوں پر تعاون کے لیے دونوں ممالک کی متعلقہ وزارتیں قریبی رابطے میں رہیں گی تاکہ مشترکہ اقتصادی اہداف کو عملی شکل دی جا سکے۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے پرتپاک استقبال اور بہترین میزبانی پر صدر رجب طیب اردوان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے عوام کے درمیان تاریخی، مذہبی اور برادرانہ رشتے موجود ہیں، جو وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔
وزیراعظم نے اس بات پر بھی زور دیا کہ قدرتی آفات اور دیگر مشکل حالات میں ترکیہ نے ہمیشہ پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا، جسے پاکستانی قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
صدر اردوان کا پاکستان سے اظہارِ یکجہتی دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات، باہمی اعتماد اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔















