لاہور(اے بی این نیوز ) وزیر اعظم شہباز شریف کا منی لانڈرنگ کیس میں احتساب عدالت سے بری ہونے کے فیصلے پر ردعمل سامنے آ گیا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے رد عمل میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ الحمد اللہ، لاہور کی احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ کے سیاسی انتقام پر مبنی جھوٹے اور بے بنیاد مقدمے میں آج مجھے اور حمزہ شہباز کو بری کر دیا جس پر اللہ تعالیٰ کا جتنا شکریہ ادا کیا جائے وہ کم ہے۔وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ سیاسی انتقام میں لتھڑا یہ وہی مقدمہ ہے جس میں برطانیہ کی عالمی ساکھ رکھنے والی نیشنل کرائم ایجنسی نے تین ممالک میں 40 سال کا ریکارڈ دو سال تک کھنگالا اور کچھ نہ ملنے پر ہمیں کلین چٹ دی تھی۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ برطانیہ کے ڈیلی میل میں ڈیفیڈ کے فنڈز میں غبن کی جھوٹی خبر دانستہ شائع کرائی گئی تھی لیکن اس میں بھی اللہ تعالیٰ نے ہمیں سرخرو کیا اور ڈیلی میل کو معافی مانگنا پڑی، یہ وہی مقدمہ تھا جس میں ناحق مجھے دو مرتبہ گرفتار کیا گیا۔وزیر اعظم نے کہا کہ حمزہ شہباز کو بھی قید رکھا گیا اور کورونا وبا کے دوران سخت بیمار ہونے کے باوجود حمزہ کو ڈاکٹر کے پاس بھی نہ لے جایا گیا، اس کی معصوم بیٹی سے ملنے تک نہ دیا گیا، ’واٹس ایپ‘ احتساب، بدترین میڈیا ٹرائل اور بے گناہی کی قید کا آج کوئی ازالہ ہوسکتا ہے؟۔















