لاہور(اے بی این نیوز )نمائندہ خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطی وپاکستان علما کونسل کے چیئر مین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے پاکستان میں اقلیتوں کو ہر قسم کی مذہبی آزادی حاصل ہے،آسمانی کتابوں کی بے حرمتی کسی صورت قابل قبول نہیں،بھارت اور اسرائیل میں انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزیاں ہورہی ہیں،ہم مظلوم فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں،جلد برادراسلامی ممالک سے سرمایہ کاری پاکستان میں آنا شروع ہو جائے گی ،پاکستان کو مدینہ طرز ریاست بنانے کے لیے خلافت راشدہ کے نظام کی منظم جدوجہد کرنا ہو گی، گرین پاکستان ویژن تب ہی کامیاب ہو گا جب ہم سب اختلافات بھلا کر متحد ہو کر چلیں گے،محرم الحرام میں بین المسالک ہم آہنگی کے لیے ضوابط طے کئے گئے ہیں،فرقہ وارانہ فسادات قومی جرم ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہارجمعہ کے روز لاہور پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ ہماری ریڈ لائن ہمارا دین ہے،آسمانی کتابوں کی بے حرمتی کسی صورت قابل قبول نہیں،سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے شرمناک اقدام سے دنیا بھر کے مسلمانوں کے مذہبی جذبات مجروح ہوئے،اس واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہیں، یہ دنیا میں آزادی اظہار رائے کی آڑ میں مسلم مخالف تشدد کو ہوا دینے کی سازش ہے،سویڈن حکومت مستقبل میں ایسے شرمناک واقعات کی روک تھام کے لئے ٹھوس عملی اقدامات کرے۔طاہر اشرفی نے کہا کہ انتہا پسندوں اور بنیاد پرست عناصر کو اسلامی اقدار کے خلاف نفرت پھیلانے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ اسلام امن کا مذہب ہے اور پاکستان سمیت مسلمان تمام مذاہب کے احترام پر یقین رکھتے ہیں، پاکستان میں اقلیتوں کو ہر قسم کی مذہبی آزادی حاصل ہے،تمام غیر مسلم شہریوں کو اپنے مذہب پر عمل کرنے کا مکمل حق حاصل ہے جبکہ بھارت اور اسرائیل میں انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزیاں ہورہی ہیں،عالمی اداروں کو فلسطین پر اسرائیل کے مظالم کو روکنے کے لیے عملی اقدامات کرنا ہوں گے ورنہ دنیا میں امن ایک خواب بن کر رہ جائے گا۔انہوں نے کہا کہ مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ ہیں اور ساتھ رہیں گے۔اسرائیلی مندوب کے اقوام متحدہ میں بیان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ملک بھر میں خطبات جمعہ میں ان بیانات کی بھرپور مذمت کی گئی ہے،75 سالہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار اسرائیل نے ایسی باتیں کی ہیں،اسرائیل کے بیان سے ظاہر ہے وہ کس کے لیے ریلیف مانگ رہا ہے، اسرائیل کا پاکستان کے خلاف پراپیگنڈہ قبول نہیں ہے،کسی کو حق حاصل نہیں ہے کہ ہمارے داخلی معاملات میں مداخلت کرے۔















