اہم خبریں

سرکاری مفت بجلی کی سہولت ختم، افسران کو بھاری بل موصول

سرکاری مفت بجلی کی سہولت ختم، افسران کو بھاری بل موصول

لاہور (اے بی این نیوز) لیسکو میں گریڈ 18 سے 20 کے افسران کے لیے بجلی کے مفت یونٹس کی سہولت ختم کر دی گئی۔ جس کے بعد انہیں بھی عام صارفین کی طرح بجلی کے بل ادا کرنے پڑتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق لیسکو افسران نے تقریباً 30 سال بعد بجلی کے مکمل بل وصول کر لیے ہیں۔ ماضی میں گریڈ 18 کے افسران کو سالانہ 6 ہزار، گریڈ 19 کے افسران کو 8 ہزار اور گریڈ 20 کے افسران کو 10 ہزار مفت بجلی فراہم کی جاتی تھی لیکن اب یہ سہولت ختم کر دی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مفت یونٹس کی سہولت ختم ہونے کے بعد افسران بجلی کے بھاری بل وصول کر رہے ہیں۔

ایک ایس ڈی او کو اپنے 10 مرلہ مکان کا بجلی کا 72 ہزار روپے کا بل آیا جس پر متعلقہ افسر نے کہا کہ 28 سال کی سروس میں پہلی بار اتنا زیادہ بل ادا کرنا پڑے گا اور اب مہنگی بجلی کا بوجھ عام صارفین پر پڑنے کا عملاً احساس کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب ذرائع کے مطابق دیگر پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں (ڈی ایس سی اوز) کے بعض افسران کو عدالتوں سے مفت بجلی کی سہولت بحال کر دی گئی ہے جبکہ لیسکو افسران کا موقف ہے کہ اس معاملے پر ملک بھر میں یکساں پالیسی ہونی چاہیے۔

لیسکو افسران نے مطالبہ کیا ہے کہ یا تو تمام اداروں کے لیے مفت بجلی کی سہولت کو مکمل طور پر ختم کیا جائے یا پھر وزارت توانائی تمام پاور کمپنیوں کے لیے یکساں اور شفاف پالیسی نافذ کرے تاکہ کسی بھی ادارے کے ملازمین کو امتیازی سہولیات نہ مل سکیں۔
مزید پڑھیں‌:بڑی خبر،غیر ملکی جہاز کی کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ

متعلقہ خبریں