اہم خبریں

پی ڈی ایم اے نے بارشوں سے ہونے والے نقصانات اور اموات کی رپورٹ جاری کر دی

لاہور( اے بی این نیوز       )ڈائریکٹر جنرل پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب فلائیٹ لیفٹیننٹ(ر) عمران قریشی نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم اے کو پنجاب کے تمام اضلاع کی جانب سے نقصانات اور اموات کی رپورٹ موصول ہوئی ہیں۔اتوار کے روز جاری پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق پنجاب میں آسمانی بجلی گرنے اور چھتیں گرنے کے مجموعی طور پر 15واقعات رپورٹ ہوئے ہیں،24گھنٹے کی رپورٹ کے مطابق بارشوں کے باعث پنجاب بھر میں مجموعی طور 13اموات رپورٹ ہوئی ہیں اور مختلف حادثات میں مجموعی طور پر 17افراد شدید اور 6 معمولی زخمی ہوئے، زخمیوں کو ہسپتالوں میں علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ صوبائی کنٹرول روم سے تمام تر صورتحال کی مانیٹرنگ بھی جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اے صوبہ بھر کی انتظامیہ سے مکمل رابطہ میں ہے اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مشینری اور عملے کو ہائی الرٹ رکھا گیا ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے عمران قریشی نے مزید بارشوں کے حوالے سے جاری کردہ الرٹ بارے بتایا کہ 27جون تک لاہور، روالپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا، اٹک، چکوال، جہلم، میانوالی،حافظ آباد، منڈی بہائوالدین، سیالکوٹ، نارووال،بھکر، لیہ گجرات، شیخوپورہ، مری، گلیات اور گردو نواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ لاہور، گوجرانوالہ، مری گلیات، ناروال،سیالکوٹ اور گجرات میں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ ملتان، ساہیوال، بہاولپور،بہاولنگر،ڈی جی خان اور ملحقہ علاقوں میں بھی جھکڑ چلنے، تیز آندھی کے ساتھ موسلادھار بارش کا بھی امکان ظاہر کیا ہے۔انہوں نے پنجاب کے متعلقہ اداروں اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ادارے الرٹ رہیں اور نشیبی علاقوں میں نکاسی کو یقینی بنانے کے لیے عملے کو مشینری کے ساتھ تعینات کریں اور نکاسی آب کو یقینی بنانے کے لیے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے۔

متعلقہ خبریں