عوامی فلاح وبہبود کیلئے معیاری ادویات کی بلاتعطل فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل

اسلام آباد(نیوز ڈیسک )وفاقی وزیر برائے قومی صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ حکومت عوام کو ریلیف بارے موثر اقدامات یقینی بنانے کیلئے پر عزم ہے، عوامی فلاح وبہبود کیلئے معیاری ادویات کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانا ہماری اولین ترجیح ہے۔ منگل کو میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ 20 ادویات کی قیمتوں میں کمی کی سفارش لے کر وفاقی کابینہ کے اجلاس میں جارہا ہوں،اس سمری کی زیادہ تر ادویات کی قیمتوں میں 30 فی صد کمی کی سفارش کی گئی ہے،مختلف بیماریوں میں استعمال ہونے والی ان ادویات کی قیمتوں میں کمی لوگوں کو ریلیف فراہم کرنے کی جانب ایک اور قدم ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ بلڈ پریشر، کینسر اور آنکھوں کی بیماریوں میں استعمال ہونے والی ادویات کی قیمتوں میں کمی کی سفارش ہے، ماضی میں پی ٹی آئی کی حکومت نے ادویات کی قیمتوں میں سات سو فی صد تک اضافہ کیا جبکہ ہماری ترجیح عوامی فلاح وبہبود کیلئے معیاری ادویات کی بلاتعطل فراہمی ہے۔