اسلام آباد(نیوزڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے سمندری طوفان ”بِپر جوئے“ سائیکلون کے پیشگی ہنگامی اقدامات اٹھانے کی ہدایت کردی۔وزیراعظم شہباز شریف نے خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارشوں سے قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے اہلخانہ سے تعزیت اور اظہار ہمدردی کیا ہے۔خیبر پختونخوا ور پنجاب کے مختلف شہروں میں طوفانی بارش اور چھتیں گرنے کے واقعات میں 24 افراد جاں بحق اور درجنوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔وزیراعظم نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کو متاثرہ علاقوں میں امداد اور بحالی کے اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے خیبرپختونخوا کے نگران وزیراعلیٰ سے کوآرڈینیشن کی بھی ہدایت کی ہے۔شہباز شریف نے این ڈی ایم اے کو متاثرہ علاقوں میں عوام کی بھرپور مدد یقینی بنانے، مقامی انتظامیہ کو متحرک کرنے اور امدادی سرگرمیوں اور نقصانات سے متعلق 24 گھنٹوں میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔اس کے علاوہ وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان میں بھی طوفان اور بارشوں سے متاثرہ علاقوں اور عوام کی بھرپور مدد کی ہدایت کی ہے۔وزیراعظم نے مقامی انتظامیہ کو طوفان ’بائپر جوائے‘ کے پیش نظر پیشگی ہنگامی اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی اور کہا کہ پورے ملک میں امدادی کاموں کی خود نگرانی کر رہا ہوں، انتظامیہ اور ادارے عوام کی مدد میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔















