اسلام آباد ( اے بی این نیوز )سوہاوہ میں 132 کلوواٹ کے گرڈسٹیشن کا افتتاح کلبدھ کو ہوگا ،وفاقی وزیر توانائی انجینئر خرم دستیگر خان وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے معیشت وتوانائی بلال اظہر کیانی کے ہمراہ گرڈ سٹیشن کا افتتاح کریں گے وفاقی وزیر توانائی انجینئر خرم دستیگر خان وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے معیشت وتوانائی بلال اظہر کیانی کے ہمراہ کلبدھ کو سوہاوہ میں 132 کلوواٹ کے نوتعمیر شدہ گرڈسٹیشن کا افتتاح کریں گے۔ 39 کروڑ10 لاکھ روپے کی لاگت سے یہ گرڈ سٹیشن 32 کنال رقبے پر تعمیر کیاگیا ہے جس سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 60، سوہاوہ اور اس کے اردگرد کے علاقوں کے 36000 صارفین کو کم وولٹیج اور بجلی کے تعطل کی تکلیف سے مستقل بنیادوں پر نجات ملے گی۔ اس گرڈ سٹیشن کو 500 کلو واٹ کے نیو رواٹ گرڈ سٹیشن اور 132 کلو واٹ کالاگجراں (جہلم) گرڈ سٹیشن سے بجلی کی فراہمی ہوگی۔ نئے گرڈ سٹیشن کی تعمیر سے گجر خان گرڈ سٹیشن سے بجلی کے بوجھ کو منتقل کردیا گیا ہے جس سے 11 کلوواٹ سوہاوہ کچہری ، 11 کے وی جنڈمہلو، 11 کے وی شاہ سفیر، 11 کے وی شاہ دھمیک، 11 کے وی گھوڑی دھمیک، 11 کے وی مین بازار اور 11 کے وی نئی خانقاہ کے بجلی کے موجودہ نیٹ ورک کو بھی فائدہ ہوگا۔ اہل علاقہ نے نئے گرڈ سٹیشن کی تعمیر پر وزیراعظم شہبازشریف، وفاقی وزیرتوانائی انجینئر خرم دستیگر خان اور وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے معیشت وتوانائی بلال اظہر کیانی کا خصوصی کوششوں پر شکریہ ادا کیا ہے۔















