اسلام آباد (اے بی این نیوز) نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے پاسپورٹ بنوانے والے شہریوں کے لیے ایک اہم اور جدید سہولت متعارف کرا دی ہے۔ اب شہری پاک آئی ڈی موبائل ایپ میں موجود ڈیجیٹل شناختی کارڈ کے ذریعے اپنی شناخت کی تصدیق کروا سکیں گے، جس سے پاسپورٹ کے حصول کا عمل مزید آسان اور تیز ہو جائے گا۔
نادرا کے مطابق یہ سہولت ان افراد کے لیے بھی مفید ہوگی جن کے پاس کسی وجہ سے فزیکل شناختی کارڈ موجود نہیں ہوگا۔ ایسے شہری اب اپنے موبائل فون میں موجود ڈیجیٹل شناختی کارڈ کے ذریعے شناختی معلومات کی تصدیق کرا سکتے ہیں۔
حکام نے بتایا کہ پاکستان سمیت بیرونِ ملک ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کے دفاتر میں پاسپورٹ کے لیے درخواست دینے والے شہری اس نئی سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔ اس اقدام کا مقصد شناخت کی تصدیق کے عمل کو جدید، محفوظ اور سہل بنانا ہے تاکہ شہریوں کو غیر ضروری مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ڈیجیٹل شناختی کارڈ کیسے حاصل کریں؟
نادرا کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق ڈیجیٹل شناختی کارڈ حاصل کرنے کے لیے درج ذیل مراحل پر عمل کریں:
پاک آئی ڈی موبائل ایپ میں لاگ اِن کریں۔
ہوم پیج پر موجود View Digital IDکا آپشن منتخب کریں۔
اس کے بعد Digital Cardکے بٹن پر کلک کریں۔
چند لمحوں میں آپ کا ڈیجیٹل شناختی کارڈ اسکرین پر ظاہر ہو جائے گا، جسے شناخت کی تصدیق کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔
نادرا کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد شہریوں کو جدید ڈیجیٹل سہولیات فراہم کرنا اور سرکاری خدمات تک رسائی کو مزید آسان، تیز اور مؤثر بنانا ہے۔ نئی سہولت سے پاسپورٹ درخواست گزاروں کو شناخت کی تصدیق کے لیے فزیکل شناختی کارڈ ساتھ رکھنے کی ضرورت نہیں رہے گی، جس سے وقت کی بچت کے ساتھ ساتھ سہولت میں بھی اضافہ ہوگا۔
مزید پڑھیں:آزاد کشمیر الیکشن کا پہلا مرحلہ مکمل، پولنگ ختم، ووٹوں کی گنتی شروع















