اہم خبریں

آزاد کشمیر الیکشن کا پہلا مرحلہ مکمل، پولنگ ختم، ووٹوں کی گنتی شروع

آزاد کشمیر الیکشن کا پہلا مرحلہ مکمل، پولنگ ختم، ووٹوں کی گنتی شروع

میرپور (اے بی این نیوز) آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات 2026 کے پہلے مرحلے میں پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی شروع کر دی گئی ہے۔ مجموعی طور پر انتخابی عمل پرامن رہا، تاہم ضلع بھمبر کے ایک پولنگ اسٹیشن پر ہنگامہ آرائی کا واقعہ پیش آیا۔

ذرائع کے مطابق بھمبر کے دربار بابا شادی شہید پولنگ اسٹیشن پر شرپسند عناصر نے ہنگامہ آرائی کرتے ہوئے ایک بیلٹ باکس چھین لیا اور اسے آگ لگا دی۔ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر (ڈی آر او) کے مطابق جلائے گئے بیلٹ باکس میں232 ووٹ موجود تھے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس پولنگ اسٹیشن پر دوبارہ پولنگ کرانے یا نہ کرانے کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔

اس واقعے کے علاوہ میرپور ڈویژن کے دیگر تمام پولنگ اسٹیشنوں پر ووٹنگ کا عمل پرامن انداز میں مکمل ہوا۔ پہلے مرحلے میں میرپور کی 4، بھمبر کی 3 اور کوٹلی کی 6 نشستوں پر پولنگ ہوئی، جہاں 13 حلقوں میں مجموعی طور پر 288 امیدوارمدمقابل تھے۔

سیاسی مبصرین کے مطابق کئی حلقوں میں مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدواروں کے درمیان سخت مقابلے کی توقع ہے، جبکہ استحکام پاکستان پارٹی اور آزاد امیدوار بھی انتخابی میدان میں موجود ہیں۔

الیکشن کمیشن کے اعداد و شمار کے مطابق میرپور ڈویژن میں14 لاکھ 437 رجسٹرڈ ووٹرز ہیں، جن میں 7 لاکھ 24 ہزار 811 مرد اور 6 لاکھ 75 ہزار 626 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔

پہلے مرحلے کے انتخابات کے لیے 2 ہزار 316 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے، جن میں 1,241 انتہائی حساس جبکہ 724 حساس قرار دیے گئے تھے۔ سیکیورٹی کے سخت انتظامات کے تحت 18 ہزار 560 پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اہلکارتعینات کیے گئے، جبکہ پاک فوج کے 2,100 جوان بھی انتخابی عمل کی نگرانی پر مامور رہے۔

چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے واضح کیا کہ ووٹنگ کے عمل میں رکاوٹ ڈالنے یا بدامنی پھیلانے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔

دوسری جانب چیف سیکرٹری آزاد جموں و کشمیر خوشحال خان نے کہا کہ عوام نے پرامن انداز میں ووٹ ڈال کر جمہوری عمل پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی عمل میں خلل ڈالنے یا امن و امان خراب کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی اور قانون حرکت میں آئے گا۔

آئی جی پولیس آزاد کشمیر لیاقت علی ملک کا کہنا تھا کہ پولیس تمام صورتحال پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی سیاسی کارکن یا فرد کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی، اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

پولنگ کے اختتام کے بعد تمام حلقوں میں ووٹوں کی گنتی جاری ہے، جبکہ غیر سرکاری اور سرکاری نتائج مرحلہ وار جاری کیے جائیں گے۔
مزید پڑھیں‌:پیٹرولیم قیمتوں کے بارے میں اپڈیٹ،عوام کے لیے اہم خبر

متعلقہ خبریں