کو ئٹہ (اے بی این نیوز)وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ ہمارا کوئی بھی ممبر اسلام آباد میں نیشنل اکنامک کونسل (این ای سی) کے اجلاس میں شرکت نہیں کرے گا۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ’این ای سی‘ کے اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ وفاقی حکومت کے عدم تعاون کے رویے کو دیکھتے ہوئے کیا گیا ہے جو انتہائی مایوس کن صورتحال کی نشاندہی کرتا ہے۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے اعلان کردہ 10 ارب روپے ابھی تک فراہم نہیں کیے گئے۔ وفاقی حکومت کو بارہا یاد دہانیاں بھی کرائی گئیں اور وزیراعظم کو مراسلہ بھی ارسال کیا گیا لیکن شنوائی نہ ہو سکی۔انہوں نے کہا کہ وسائل کی کمی کے باعث سیلاب متاثرین تاحال کھلے آسمان تلے پڑے حکومتی امداد کے منتظر ہیں۔ وفاقی حکومت سے بلوچستان کے اراکین سینیٹ اور قومی اسمبلی کے تجویز کردہ منصوبوں کو وفاقی پی ایس ڈی پی میں شامل کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا لیکن یہ بات بھی سنی ان سنی کر دی گئی۔















