ٹروبا(اے بی این نیوز)پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلا تاریخی ٹیسٹ میچ دلچسپ مرحلے میں داخل ہوگیا۔
تیسرا روز بولرز کے نام رہا، جہاں دونوں ٹیموں کی مجموعی طور پر 14 وکٹیں گریں۔ویسٹ انڈیز کو 155 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہوگئی ۔
تیسرے روز پاکستان نے اپنی پہلی اننگز 199 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ سے دوبارہ شروع کی۔ شان مسعود نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی ساتویں سنچری مکمل کی اور 109 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ امام الحق نے 63 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ سلمان علی آغا نے بھی مفید شراکت قائم کی، تاہم ان کے آؤٹ ہونے کے بعد پاکستانی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی۔
ویسٹ انڈیز کے جسٹن گریوز نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے کیریئر کی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے 27 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں اور پاکستان کی پوری ٹیم کو 282 رنز پر آؤٹ کردیا۔ اس طرح ویسٹ انڈیز کو پہلی اننگز میں 29 رنز کی برتری حاصل ہوگئی۔
دوسری اننگز میں ویسٹ انڈیز کا آغاز بھی مشکلات سے بھرپور رہا۔ محمد عباس نے نئی گیند سے ایک مرتبہ پھر اپنی کلاس دکھاتے ہوئے ابتدائی اوورز میں برینڈن کنگ اور کیوم ہوج کو پویلین واپس بھیج دیا۔ ان کی مسلسل درست لائن اور لینتھ نے میزبان بیٹرز کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہ دیا۔
محمد علی نے بھی عمدہ بولنگ کرتے ہوئے عامر جنگو کی وکٹ حاصل کی، جبکہ خرم شہزاد اور عامر جمال نے بھی دباؤ برقرار رکھا۔ ویسٹ انڈیز کے کپتان شائی ہوپ، جو پہلی اننگز میں 92 رنز بنا چکے تھے، اس بار صرف 10 رنز بنا کر خرم شہزاد کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
ٹیگنرائن چندرپال نے 35 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی، جبکہ جسٹن گریوز نے بھی قیمتی رنز جوڑے، لیکن پاکستانی بولرز نے وقفے وقفے سے وکٹیں حاصل کرکے میزبان ٹیم کو کھل کر کھیلنے نہیں دیا۔
دن کے آخری لمحات میں شمر جوزف نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے عامر جمال کو تین چھکے رسید کیے اور ناٹ آؤٹ 22 رنز بنا کر ویسٹ انڈیز کی برتری 155 رنز تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کے ساتھ کیمار روچ بھی وکٹ پر موجود ہیں۔
تیسرے روز کے اختتام پر ویسٹ انڈیز نے اپنی دوسری اننگز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 126 رنز بنا لیے ہیں اور اسے پاکستان پر 155 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہے۔
پاکستان کی جانب سے محمد عباس نے ایک بار پھر شاندار بولنگ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ چوتھے روز قومی ٹیم کی نظریں ویسٹ انڈیز کی باقی ماندہ وکٹیں جلد حاصل کرکے قابلِ حصول ہدف کے تعاقب پر مرکوز ہوں گی۔
مزید پڑھیں: انتخابی عمل کا پہلا مرحلہ آزادانہ اور شفافیت سے مکمل ہوا،چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر















