اسلام آباد(اے بی این نیوز )انٹرنیشنل تعظیم حرمین شریفین کونسل نے دارالافتاء پاکستان اور پاکستان علماء کونسل کے تعاون سے حجاج بیت اللہ الحرام اور زائرین حرمین الشریفین کی رہنمائی کے لیے موجودہ حالات کے تناظر میں تربیتی نشستوں کو اہتمام کیا ہے جس میں حجاج کرام اور زائرین کی خدمت میں ایک ضابطہ پیش کیا گیا جس کا مقصد حجاج کرام اور زائرین کی ہر ممکن رہنمائی کی کوشش کرنا ہے۔ انٹرنیشنل تعظیم حرمین شریفین کونسل کے سیکرٹر ی جنرل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کی صدارت میں ہونے والے دارالافتاء پاکستان اور پاکستان علماء کونسل کے ذمہ داران کے اجلاس کے بعد جاری کردہ ضابطہ اخلاق میں کہا گیا ہے کہ ارض حرمین شریفین کے تقدس اور احترام کیلئے لازم ہے کہ حجاج کرام اور زائرین ضابطہ اخلاق پر عمل کریں۔ ضابطہ اخلاق میں کہا گیا کہ قرآن کریم اور احادیث رسولﷺ میں یہ بیان کیا گیا ہے کہ جس کو اللہ حج کی توفیق دے اور وہ حج کے دوران کسی قسم کا جھگڑا اور فساد نہ کرے اور کسی قسم کے فسق و فجور میں مبتلا نہ ہو اور فحش گوئی سے پرہیز کرتا رہا ہو تو وہ حج کے بعد ایسا ہی ہو گا جیسے ابھی اس کی ماں نے اسے جنم دیا۔ قرآن کریم اور احادیث رسولﷺ سے ملنے والی تعلیمات کی روشنی میں حجاج اکرام اور زائرین پر لازم ہے کہ وہ اپنے حج اور زیارت کے وقت کو زندگی کا قیمتی ترین وقت سمجھیں اور حج اور زیارت کے آداب کا خصوصی طور پر خیال رکھیں۔ ضابطہ اخلاق میں کہا گیا کہ حج یا عمرہ کے لیے روانہ ہوتے وقت اپنی نیت کو خالص اللہ کیلئے کر لیں کہ ہمارا یہ حج یا عمرہ اللہ ہی کیلئے ہے اور اس کا مقصد دنیا کی نمود و نمائش نہیں ہے اور حتیٰ الامکان عبادت کی ویڈیو اور تصاویر بنانے سے اجتناب کریں۔ حج اور عمرہ پر روانگی سے قبل حج اور عمرہ کے بار ے میں مکمل معلومات حاصل کر لینی چاہئیں اورا گر معلومات حاصل نہیں کیں تو پھر سفر کے دوران کسی جاننے والے سے ضرور رہنمائی لے لینی چاہئے تا کہ مناسک حج اور عمرہ میں مشکلات پیش نہ آئیں اور معلومات کے حصول کیلئے کسی قسم کی گھبراہٹ کا شکار نہیں ہونا چاہئے۔اس حوالہ سے مسائل اور دیگر امور میں رہنمائی کیلئے واٹس ایپ نمبر 03337888871 سے بھی رہنمائی لے سکتے ہیں۔ ضابطہ اخلاق کے مطابق حج یا عمرہ پر روانگی کے وقت جو طریقہ کار اور ضابطہ وزارت مذہبی امور یا حج ، عمرہ گروپ کے رہنمائوں نے مرتب کیا ہو اسی کی رہنمائی میں حج ، عمرہ کے سفر کو مرتب کریں اگرچہ اس میں آپ کے مزاج کے خلاف ہی کوئی چیز کیوں نہ ہو۔ حج اور عمرہ کا بنیادی مقصد ہی اپنی انا ، تکبر کو قربان کر کے اللہ رب العزت کے سامنے اپنے آپ کو پیش کرنا ہے اور اس بات کا اقرار اور اظہار کرنا ہے کہ میں آپ کا بندہ ہوں اور آپ میرے خالق ہیں اور آپ کے حکم کے مطابق ہی مجھے زندگی بسر کرنی ہے اور آپ کے نبیﷺ کے احکامات اور سیرت ۖ کو اپناتے ہوئے دنیاوی لذتوں کو چھوڑ کر ان دو سفید چادروں کو اختیار کر رہا ہوں اور ‘لبیک اللھم لبیک’ کی صدائیں بلند کر کے اپنی عاجزی، انکساری اور بندگی کا اعلان کر رہا ہوں۔ سعودی عرب کی وزارت حج اور وزارت داخلہ کی ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ وہ حجاج اکرام اور زائرین کیلئے زیادہ سے زیادہ سہولتیں پیدا کرے۔















