اہم خبریں

عوام پر اضافی بوجھ، بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا امکان

عوام پر اضافی بوجھ،بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا امکان

اسلام آباد (اے بی این نیوز) ملک بھر کے بجلی صارفین کے لیے ایک اور مہنگائی کی لہر آنے کا امکان پیدا ہو گیا ہے، کیونکہ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں بجلی کی قیمت فی یونٹ ایک روپے 20 پیسے بڑھانے کی درخواست زیر سماعت ہے۔ درخواست منظور ہونے کی صورت میں اگست کے بجلی کے بل مزید مہنگے ہو سکتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے جون کے فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ (FCA) کی مد میں بجلی کی قیمت میں اضافے کی درخواست نیپرا میں جمع کرا رکھی ہے، جس پر آج سماعت کی جا رہی ہے۔ نیپرا تمام متعلقہ فریقین کا مؤقف اور دستیاب اعداد و شمار کا جائزہ لینے کے بعد اپنا حتمی فیصلہ جاری کرے گی۔

اگر ریگولیٹری اتھارٹی اس درخواست کی منظوری دیتی ہے تو اس کا اطلاق اگست کے بجلی کے بلوں پر ہوگا، جس سے کراچی سمیت ملک بھر کے لاکھوں گھریلو، تجارتی اور صنعتی صارفین پر اضافی مالی بوجھ پڑ سکتا ہے۔

سی پی پی اے کی درخواست کے مطابق جون کے دوران ملک میں بجلی کی پیداوار کا سب سے بڑا حصہ ہائیڈرل ذرائع سے حاصل کیا گیا، جو مجموعی پیداوار کا 39 فیصد رہا۔ اس کے علاوہ مقامی کوئلے سے 10.11 فیصد، درآمدی کوئلے سے 12.65 فیصد، درآمدی گیس سے 11.02 فیصد جبکہ نیوکلیئر ذرائع سے 13.40 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔

ماہرین کے مطابق بجلی کی پیداوار میں استعمال ہونے والے مختلف ایندھن کی لاگت کی بنیاد پر ہر ماہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کا تعین کیا جاتا ہے، جس کے نتیجے میں صارفین کے بجلی کے بلوں میں کمی یا اضافہ کیا جاتا ہے۔

اب نیپرا کے حتمی فیصلے پر ملک بھر کے بجلی صارفین کی نظریں مرکوز ہیں، کیونکہ منظوری کی صورت میں اگست کے ماہانہ بلوں میں واضح اضافہ متوقع ہے۔
مزید پڑھیں‌:پی ٹی آئی قیادت کا بڑا فیصلہ،جلسے کا اعلان کر دیا گیا

متعلقہ خبریں