اسلام آباد (اے بی این نیوز) ہلال ریسرچ کونسل نے ربیع الاول کے چاند سے متعلق اہم پیشگوئی جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں ربیع الاول کا چاند یوم آزادی، 14 اگست کو نظر آنے کا امکان ہے، جبکہ یکم ربیع الاول 15 اگست بروز ہفتہ ہوگی۔
ہلال ریسرچ کونسل کے سیکریٹری جنرل خالد اعجاز مفتی کے مطابق 29 صفر المظفر، جمعرات 13 اگست کی شام ننگی آنکھ سے ربیع الاول کے چاند کی رویت ممکن نہیں ہوگی، جس کے باعث صفر المظفر کے 30 دن مکمل کیے جائیں گے۔
ان کے مطابق نیا چاند 12 اور 13 اگست 2026 کی درمیانی شب پاکستانی وقت کے مطابق رات 10 بج کر 36 منٹ پر پیدا ہوگا۔ اگرچہ 13 اگست کی شام غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر پاکستان بھر میں 20 گھنٹے سے زائد ہوگی، جو رویت کے لیے درکار کم از کم 18 گھنٹوں سے زیادہ ہے، تاہم صرف چاند کی عمر کافی نہیں ہوتی۔
انہوں نے بتایا کہ رویتِ ہلال کے لیے غروبِ آفتاب اور غروبِ قمر کے درمیان کم از کم 40 منٹ کا فرق ضروری سمجھا جاتا ہے، جبکہ 13 اگست کو یہ فرق کراچی میں 32 منٹ اور پشاور میں 27 منٹ ہوگا، جو مطلوبہ حد سے کم ہے۔ اسی وجہ سے مطلع صاف ہونے کے باوجود ننگی آنکھ سے چاند نظر آنے کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں۔
ہلال ریسرچ کونسل کے مطابق ان فلکیاتی اعداد و شمار کی بنیاد پر پاکستان میں ربیع الاول کا آغاز ہفتہ 15 اگست سے ہونے کی توقع ہے، جبکہ 12 ربیع الاول کے مطابق عید میلاد النبی ﷺ بدھ 26 اگست 2026 کو منائے جانے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ ربیع الاول کے چاند کی رویت اور اسلامی مہینے کے آغاز کا حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے موصول ہونے والی شہادتوں کی بنیاد پر کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں:سعودی عرب نے پاکستان میں نئے سفیر ڈاکٹر راجح البقمی تعینات کر دیے















