لاہور(نیوزڈیسک)نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہاہے کہ جناح ہاؤس کے ساتھ میانوالی ایئربیس پر حملے کا خطرناک منصوبہ بنایا گیا تھا، میانوالی میں حملہ آور بھوسے سے بھری ٹرالیوں میں اسلحہ لے کر آئے تھے۔ نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ حملہ آور میانوالی ایئربیس پر قیمتی طیارہ جلانا چاہتے تھے، وہاں پولیس کے جوان زخمی حالت میں بھی حملہ آوروں سے لڑتے رہے۔انہوں نے کہاکہ پہلے سے طے شدہ تھا کس کو کہاں جانا ہے، 8 مارچ کو زمان پارک میں پولیس پر حملہ کرنے والوں نے 9 مئی کو جلاؤ گھیراؤ کیا۔محسن نقوی نے کہا کہ عسکری تنصیبات پر حملہ کرنے میں ملوث 11 خواتین جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں، ان کاکہناتھا کہ پورے پنجاب سے 32 خواتین کو گرفتار کیا جبکہ 21 کو رہا کر دیا گیا۔انہوں نے کہاکہ تقریباً 500 خواتین 9 مئی کے واقعات میں مطلوب تھیں لیکن ہم نے گرفتاری سے گریز کیا۔محسن نقوی نے کہا کہ جیل میں خواتین کو جیل مینوئل کے مطابق رکھا گیا ہے۔ 2، 2 سال پرانی ویڈیوز دکھا کر بےبنیاد پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔انہوںنے کہا کہ واضح ہدایات دی ہیں کہ کسی بےگناہ کو نہیں پکڑنا۔محسن نقوی نے مزید کہا کہ معاشی صورتحال میں بہتری سے متعلق جلد اچھی خبریں آئیں گی، نگراں حکومت 4 ماہ کا بجٹ پیش کرے گی۔















