لاہور (نیوزڈیسک) پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پراپیگنڈا کر کے ملک کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی جا رہی ہے، جتنی بھی پارٹیاں اقتدار میں آئیں کوئی نہ کوئی طاقت انہیں لے کر آئی، پیپلز پارٹی کبھی بیساکھیوں کے سہارے اقتدار میں نہیں آئی۔تقریب سے خطاب سے کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پاکستان کے اداروں پر سوشل میڈیا کے ذریعے خطرناک حملے کیے گئے، یہ سب وہ لوگ کر رہے ہیں جو ملک میں انتشار چاہتے ہیں، کسی کو پراپیگنڈے سے ملک کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دیں گے، ملک میں انتشار کیلئے لوگوں کو استعمال کیا جا رہا، ہم نے ملک کے دفاع کیلئے سچ کو سامنے لانا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے قائدین نے ملک کیلئے جانوں کے نذرانے پیش کیے، یہ بالٹی والے بابا یا کسی بابا رحمتے کے بس کی بات نہیں ہے، ہم سب کو آئینہ دکھائیں گے آپ نے کیا کیا ہم نے کیا کیا، ہم تنظیم سازی کو پورے ملک تک بڑھائیں گے، پیپلز پارٹی سے گزارش کروں گا ایک ٹکٹ لاہور سے دے، یہاں پارٹی کو مضبوط کرنے والوں کو اسمبلیوں میں لائیں گے، وہ دن دور نہیں جب پیپلز پارٹی ایک بار پھر لاہور کا قلعہ فتح کرے گی۔















