اہم خبریں

عازمین حج کی تربیت، وزارت مذہبی امور کے ملازمین کی 3 چھٹیاں منسوخ کردی گئیں

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) عازمین حج کی تربیت کے سلسلے میں وزیر مذہبی امور سینیٹر طلحہ محمود نے ملازمین کی 3 چھٹیاں منسوخ کر دیں۔وزیر برائے مذہبی امور سینیٹر طلحہ محمود کے زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں حج انتظامات کا جائزہ لیا گیا، اس موقع پر انہوں نے ملازمین کی آئندہ 3 چھٹیاں منسوخ کرنے کی ہدایت کی۔وزارت مذہبی امور کے مطابق اجلاس کے دوران وزیر مذہبی امور کو حج انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی جس میں حاجی کیمپوں کے ذریعے عازمین حج کی تربیت، معاونین حج کے انتخاب اور نجی حج سکیم سمیت متعدد امور زیر غور آئے۔اس موقع پر وزیر مذہبی امور نے کہا کہ عازمینِ حج مناسک اور انتظامی امور اچھی طرح سیکھ اور سمجھ کر جائیں، انہوں نے ہدایت کی کہ تربیتی مواد میں خواتین کی تربیت اور مخصوص مسائل پر بھی خصوصی توجہ دی جائے، تمام حاجی کیمپ خواتین رضاکار، ماسٹر ٹرینرز کے ذریعے خواتین عازمینِ حج کی تربیت کو یقینی بنائیں۔طلحہ محمود نے کہا کہ مرد عازمینِ حج اپنے ہمراہ جانے والی خواتین کی حج تربیت پر کوئی سمجھوتہ نہ کریں اور تحصیل اور ضلعی سطح پر حج تربیت کا اہتمام موجود ہے، عازمین تربیت لازمی حاصل کریں، انہوں نے کہا کہ عازمینِ حج سمارٹ فون، موبائل ڈیٹا، لوکیشن سروس اور سعودی موبائل ایپ سے آگہی حاصل کریں۔

متعلقہ خبریں