اسلام آباد (نیوزڈیسک)وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے کہاہے کہ محمد خان بھٹی کا اعترافی بیان پڑھیں انہوں نے فرح گوگی کا ریکارڈ توڑ دیا، پہلے فرح گوگی پیسا باہر بھیجتی رہیں پھر یہ کام ان کے سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی نے کیا۔نجی ٹی وی سے بات چیت میں انہوں نے کہاکہ ہمارے پاس اختیار نہیں کہ بلوچستان اسمبلی کو وقت سے پہلے ختم کریں، صوبائی اسمبلیاں 13 اگست کو اپنی مدت پوری کر رہی ہیں،انہوں نے کہاکہ اگست میں نگراں حکومتیں آتی ہیں تو الیکشن اکتوبر میں بنتے ہیں، مذاکراتی ٹیمیں مثبت نتیجے پر پہنچ جاتی ہیں تو سب کو قابل قبول ہونا چاہیے۔رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ سندھ اور بلوچستان اسمبلی تحلیل کرنے کا ہمارے پاس اختیار نہیں،ان کا کہنا تھا کہ انھوں نے دو اسمبلیاں توڑ کر حماقت کی ہے، وقت سے پہلے تین اسمبلیوں کو توڑنے کا جواز نہیں بنتا۔راناثنا اللہ نے کہا کہ مذاکراتی ٹیمیں اپنے اپنے پارٹی سربراہوں سے منظوری لیں گی، منگل کو حتمی نتیجہ پر پہنچ بھی گئے تو پارٹی سربراہوں سے منظوری لیں گے،انہوں نے کہاکہ اسحاق ڈار کو معلوم ہے مذاکرات کی منظوری پارٹی سربراہان سے لی ہے۔ اسلام آباد کی صورت حال پررانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ پولیس نے جب دیکھا کہ کچھ لوگوں نے قانون ہاتھ میں لیا تو گرفتار کیا،وزیرداخلہ نے کہاکہ آئی جی پولیس نے مجھے ان معاملات اور گرفتاریوں سے متعلق آگاہ کیا۔وزیر قانون اور وزیر خزانہ نے مجھے فون کیا اس پر میں نے آئی جی کو فون کیا، اور کہا کہ تحریک انصاف کے کارکنوں کو رہا کیا جائے، ان کا کہنا تھا کہ آئی جی اسلام آباد نے بتایا کہ ابھی ایف آئی آر درج نہیں ہوئی، ان افراد نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی کی تھی۔















