لاہور(اے بی این نیوز ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی زمان پارک میں رہائش گاہ کے باہر ہنگامہ آرائی کے بعد پنجاب پولیس نے پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنان کی فہرست تیار کرلی جبکہ قائدین کی گرفتاری کے لیے چھاپے بھی مارے گئے ہیں۔فہرست میں پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی، حماد اظہر اور پنجاب کی صدر یاسمین راشد سمیت دیگر کے نام ہیں،اُدھر لاہور پولیس نے فہرست جاری ہونے کے بعد پی ٹی آئی قائدین اور کارکنوں کی گرفتاری کیخلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کردیا۔ اس تمام کارروائی کی سربراہی اور نگرانی ڈویژنل ایس پی کررہے ہیں۔حکومت کا کہنا ہے کہ مذکورہ رہنما ہنگامہ آرائی میں ملوث پی ٹی آئی کارکنان کی حوصلہ افزائی اور پارٹی کو فنانسنگ فراہم کررہے ہیں۔ذرائع کے مطابق فہرستوں میں مطلوبہ افراد کے تمام کوائف موجود ہیں، مطلوب کارکنان کو اے اور بی کیٹگری میں رکھا گیا ہے۔ جس کے تحت اے کیٹگری والوں کو پہلے گرفتار کیا جائے گا۔پولیس نے لاہور سے گرفتار تحریک انصاف کے کارکنان کی تفصیلات بھی جاری کردیں، جس کے مطابق پولیس نے 98 ملزمان کو گرفتار کیا جن مین سے 52 کارکنوں کو سی آئی اے کوتوالی اور ماڈل ٹاون کے پاس رکھا گیا ہے جبکہ 46 کارکن قلعہ گجر سنگھ اورجنوبی چھاونی پولیس کی حراست میں ہیں۔ حراست میں لیے گئے کارکنوں کا تعلق مختلف صوبوں اور اضلاع سے ہے۔















