نئی دہلی، 14 اگست 2026: بالی ووڈ اداکارہ اور بھارتیہ جنتا پارٹی کی رکن پارلیمنٹ کنگنا رناوت نے بھارتی نوجوانوں خصوصاً جین زی کو ’’گٹر جنریشن‘‘ قرار دینے والے اپنے بیان پر ایک بار پھر وضاحت پیش کردی ہے، تاہم ان کے تازہ ریمارکس نے تنازع دوبارہ کھڑا کردیا۔
چند روز قبل نئی دہلی میں پیپر لیک کے معاملے پر طلبہ کی تنظیم کاکروچ جنتا پارٹی کی جانب سے احتجاج کیا گیا تھا۔ احتجاج کے ردعمل میں کنگنا نے جین زی کو ’’گٹر جنریشن‘‘ قرار دیا، جس کے بعد سوشل میڈیا صارفین اور شوبز سے وابستہ شخصیات نے ان کے بیان پر سخت تنقید کی۔
تنقید کے بعد نوجوان نسل کی تعریف
شدید ردعمل کے بعد کنگنا نے اپنے مؤقف میں قدرے نرمی دکھاتے ہوئے جین زی کی تعریف بھی کی تھی۔ انہوں نے کہا تھا کہ انہیں خوشی ہے کہ ملک کی نوجوان نسل باشعور ہے اور معاملات کو سمجھنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
تاہم اب اداکارہ نے ایک بار پھر اپنے سابقہ بیان کا دفاع کرتے ہوئے معاملے کو نئی بحث میں تبدیل کردیا ہے۔
’’کاکروچ کہتے ہیں تو گٹر سے تعلق فطری ہے‘‘
میڈیا سے گفتگو کے دوران کنگنا نے کہا کہ اگر کوئی شخص خود کو کاکروچ قرار دیتا ہے تو اس کے گٹر سے تعلق جوڑنے میں کیا غلطی ہے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ خود کو کاکروچ نہیں سمجھتیں، اس لیے اگر کوئی انہیں گٹر میں رہنے والا کہے تو وہ اس بات کی تردید کریں گی۔ تاہم ان کے مطابق جو لوگ خود کو کاکروچ کہتے ہیں، ان کے بارے میں گٹر سے متعلق بات کرنا فطری سمجھا جا سکتا ہے۔
کنگنا کے اس تازہ بیان کے بعد بھارتی سیاست اور شوبز سے متعلق سوشل میڈیا حلقوں میں ایک بار پھر بحث شروع ہوگئی ہے۔ ان کے ناقدین کا کہنا ہے کہ نوجوان نسل کے لیے اس طرح کی زبان استعمال کرنا مناسب نہیں، جبکہ اداکارہ اپنے مؤقف پر قائم دکھائی دے رہی ہیں۔















