اہم خبریں

عمران خان نے سی پیک اور معیشت کوتباہ کیا ،وفاقی وزیرمرتضی جاوید عباسی

ایبٹ آباد (اے بی این نیوز     )وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور مرتضی جاوید عباسی نے کہا ہے کہ عمران خان نے سی پیک کو ختم کیا، معیشت تباہ کی اور خزانہ خالی کر کے آج عدالتوں سے بھاگ رہا ہے، یہ ایک ایجنڈے کے ساتھ آیا جس کی حکیم سعید اور ڈاکٹر اسرار احمد نے پیشگوئی کی تھی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں ایبٹ آباد میں نواحی گاؤں بگنوتر میں سوئی گیس منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر سابق ایم پی اے سردار اورنگزیب نلوٹھہ عمائدین علاقہ بھی کثیر تعداد میں موجود تھے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ 2016 میں عوام سے جس نیک نیتی سے جس کام کا وعدہ کیا تھا اس کو آج پورا کر دیا ہے، جب بھی مسلم لیگ ن کوئی منصوبہ لائی تو اس کو روکنے کی کوشش کی گئی تا کہ مسلم لیگ ن کو کریڈٹ نہ ملے ،یہ لوگ صرف گھروں میں بیٹھ کر منصوبے بناتے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہزارہ سرکل واپڈا میں 2400منظور ملازمتوں میں صرف800کا عملہ کام کر رہا تھا جو ہزارہ الیکٹرک کمپنی کی منظوری کے بعد تعداد7800 تک جا پہنچی ہے،ہری پور ،مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں 24 ارب روپے کے منصوبے مکمل ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف سے پچھلا حساب لے کر الیکشن بھی ہوں گے ،یہ پاکستان کی خدمت نہیں کرسکتے ۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور مسلم لیگ ن کو اس ملک میں 13 سال اقتدار ملا، ہم فخر سے کہہ سکتے ہیں کہ 70 فیصد پاکستان کی ترقی کے منصوبے مسلم لیگ ن اور نواز شریف کے نام ہیں۔مرتضی جاوید عباسی نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ توشہ خانہ سے لے کر کرپشن کے کیسز میں ان کی لمبی فہرست ہے کون سا مقدمہ کریں اور کون سا چھوڑیں،آج نو مقدمات میں ایک منٹ میں ضمانتیں ہو رہی ہیں، نواز شریف کے پاس قوت کم نہیں تھی لیکن انہوں نے چھ ماہ میں 120پیشیاں بھگتیں، وہ ایٹمی دھماکوں کے ہیرو تھے جنہوں نے پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا،جو اپنی بیمار بیوی بستر مرگ پر چھوڑ کے بے گناہ بیٹی کا ہاتھ تھام کر جیل چلا گیا، جس نے قانون اور آئین کی خلاف ورزی نہیں کی ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ممبران سے استعفے دلوائے صوبائی اسمبلیاں توڑیں ،جمہوری نظام سے ملک کو آگے لے جانے کے بجائے اس کو تباہ کیا ،اس کے بعد یہ بدمعاشی کے ساتھ انصاف کے اداروں اور ریاستی اداروں کو تباہ کرنے پر تلا ہے ، اب بات خانہ جنگی پر آ گئی ہے ،عوام ایک دوسرے کا گریبان پکڑنے پر اتر آئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس نظام کے خلاف کھڑا ہونا پڑے گا، عوام کو اپنے بچوں کے مستقبل کے لئے ساتھ دینا ہو گا ۔

متعلقہ خبریں