کے پی حکومت نے 5 ہزار انفلوئنسرز بھرتی کیے جنہیں ماہانہ 15 کروڑ مل رہے ہیں،نگران صوبائی وزیر

پشاور (نیوزڈیسک)خیبرپختونخوا کے نگران وزیراطلاعات بیرسٹر فیروزجمال شاہ نے پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کی جانب سے 5 ہزارسوشل میڈیا انفلوئنسرز بھرتی کیے جانے کا انکشاف کیا ہے۔نجی ٹی وی سے گفتگو میں فیروز جمال شاہ کا کہنا تھاکہ پی ٹی آئی حکومت نے 5 ہزارسوشل میڈیا انفلوئنسرزبھرتی کیے جنہیں گھربیٹھے ماہانہ 25 سے 30 ہزار روپے تنخواہیں مل رہی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ صوبے میں ایسا کوئی علاقہ نہیں جہاں یہ انفلوئنسرز نہ ہوں، پیسے کے پی حکومت دے رہی ہے اور ان کا ایجنڈا سب کے سامنے ہے۔وزیراطلاعات کا کہنا تھاکہ سوشل میڈیا انفلوئنسرز کی بھرتی طریقہ کار کے مطابق نہیں ہوئی، نہ ہی کوئی اس حوالے سے اشتہار جاری کیا گیا، 15 سے 16 کروڑ روپے ان پر ماہانہ خرچ ہو رہے ہیں۔