حویلیاں( اے بی این نیوز )وفاقی وزیربرائے پارلیمانی امور مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا ہے کہ فتنہ خان کی حرکات نے اپنے ورکرز کو بھی شرما کے رکھ دیا ہے۔ توشہ خانہ چور خان ملک میں افراتفری چاہتا ہے۔ کارکن ذلیل و خوار ہورہے ہیں‘ عمران خان بنکر میں بیٹھ کر تماشا دیکھ رہا ہے۔ حکومت کا عمران خان کی گرفتاری سے کوئی تعلق نہیں۔جمعرات کو یہاں حویلیاں میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران نیازی ملک میں خانہ جنگی اور افراتفری چاہتا ہے۔عمران خان پر تو ہین جج کا کیس ہے اور عدالت نے بھی ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کیئے۔ عمران خان کو پتہ ہونا چاہئے کہ جو ڈر گیا، وہ مر گیا۔ دو جھنڈوں کے درمیان بیٹھ کر یہ تاثر دے رہا ہے کہ حکومت اسے گرفتار کر رہی ہے۔ میڈیا کو عمران خان کی گرفتاری کا وارنٹ لوگوں کو بتانا چاہئے، اپنے آپ کو بہادر خان کہنے والا شخص آج چارپائی کے نیچے چھپ کر بیٹھا ہے۔ مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا کہ پی ٹی آئی کے کارکن سڑکوں پر رل رہے ہیں، توہین عدالت کا مجرم پولیس سے بھاگ رہا ہے، تاثر دے رہا ہے کہ میں بزرگ ہوں اور میری جان کو خطرہ ہے۔ عمران خان پاکستان میں خانہ جنگی چاہتا ہے۔















