اہم خبریں

گھی اور تیل کا بحران، ملک میں قلت کا خدشہ بڑھ گیا

کراچی: ملک میں گھی اور تیل کا بحران پیدا ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، خوردنی تیل کی ترسیل کرنے والے ٹینکرز کی ہڑتال کے باعث سپلائی متاثر ہونے کا امکان ہے۔

چیئرمین ایڈیبل آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن بختاور خان کے مطابق خوردنی تیل کی ترسیل کرنے والے ٹینکرز گزشتہ 10 روز سے ہڑتال پر ہیں، جس کی وجہ سے ملک میں تیل کی سپلائی کا نظام متاثر ہو رہا ہے۔

بختاور خان کا کہنا ہے کہ اگر ہڑتال مزید جاری رہی تو خوردنی تیل کی ترسیل رک سکتی ہے، جس کے نتیجے میں بازار میں گھی اور کوکنگ آئل کی دستیابی کا مسئلہ پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

چیئرمین ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا کہ 10 ویلر ٹینکرز کے لیے وزن کی پابندی کے معاملے کو حل کیا جائے۔ ان کے مطابق ایڈیبل آئل کی ترسیل کے لیے استعمال ہونے والا 10 ویلر ٹینکر تقریباً 60 ٹن وزن اٹھانے کی صلاحیت رکھتا ہے اور اس سے لدی اشیا کے معیار یا ترسیل کے عمل کو نقصان نہیں پہنچتا۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹینکرز ایسوسی ایشن اپنے مطالبات کے حل کے لیے مذاکرات چاہتی ہے۔ اس سلسلے میں گورنر ہاؤس میں اجلاس بھی طلب کیا گیا ہے، جہاں مسئلے کا قابلِ عمل حل تلاش کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

بختاور خان نے واضح کیا کہ اگر مذاکرات میں مطالبات پر پیش رفت نہ ہوئی تو ٹینکرز کی ہڑتال جاری رکھی جائے گی۔ ایسی صورت میں خوردنی تیل کی سپلائی مزید متاثر ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

گھی اور کوکنگ آئل روزمرہ گھریلو استعمال کی بنیادی اشیا میں شامل ہیں، اس لیے ترسیل کا مسئلہ طویل ہونے کی صورت میں مارکیٹ پر اس کے اثرات نمایاں ہو سکتے ہیں۔

متعلقہ خبریں