اہم خبریں

پنجاب کے کالجوں میں داخلے کا نیا نظام، طلبہ کو بڑی سہولت مل گئی

لاہور: کالجوں میں داخلہ پالیسی تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے، پنجاب میں 2027 سے طلبہ کے لیے داخلے کا پورا عمل آن لائن کردیا جائے گا۔

محکمہ تعلیم پنجاب نے صوبے بھر کے کالجوں میں روایتی اور مینوئل داخلوں کو مرحلہ وار ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نئے نظام کے تحت طلبہ کو داخلے کے لیے کالجوں میں جاکر کاغذی فارم جمع کرانے یا طویل قطاروں میں انتظار کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

محکمہ تعلیم کے مطابق داخلے کا عمل مکمل طور پر ڈیجیٹل ہونے سے طلبہ اور والدین کو گھر بیٹھے درخواست جمع کرانے کی سہولت ملے گی۔ اس اقدام کو پنجاب حکومت کی پیپر لیس پالیسی کا حصہ قرار دیا گیا ہے۔

ڈائریکٹر پبلک انسٹرکشن پنجاب ڈاکٹر انصر اظہر کے مطابق نئے نظام کا بنیادی مقصد داخلہ کے طریقہ کار کو آسان، تیز اور زیادہ مؤثر بنانا ہے۔ طلبہ اپنی درخواستیں اور داخلے سے متعلق دیگر ضروری کارروائی آن لائن سسٹم کے ذریعے مکمل کرسکیں گے۔

نئے طریقہ کار کے تحت کالجز پرنٹ شدہ پراسپیکٹس اور روایتی داخلہ فارم جاری نہیں کریں گے۔ طلبہ کو داخلے کے لیے متعلقہ آن لائن پلیٹ فارم استعمال کرنا ہوگا۔

حکام کے مطابق داخلہ فیس کی ادائیگی پہلے ہی آن لائن کی جاچکی ہے، جبکہ داخلے کے دیگر مراحل کو بھی اگلے تعلیمی سال سے ڈیجیٹل نظام میں منتقل کردیا جائے گا۔

اس فیصلے سے طلبہ کے لیے داخلے کا عمل نسبتاً آسان ہونے کی توقع ہے۔ خاص طور پر دور دراز علاقوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ کو بار بار کالج کے چکر لگانے سے نجات مل سکتی ہے۔

محکمہ تعلیم نے طلبہ اور والدین پر زور دیا ہے کہ وہ نئے نظام سے فائدہ اٹھائیں اور داخلے کے لیے آن لائن سہولت استعمال کریں۔

متعلقہ خبریں