لاہور (نیوزڈیسک) صوبائی الیکشن کمشنر نے کہا ہے کہ سیکورٹی کی یہی صورت حال برقرار رہی تو لاہور میں الیکشن شیڈول معطل کرنا ہوگا۔نجی ٹی وی کے مطابق ذرائع الیکشن کمیشن نے بتایاکہ صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے سیکیورٹی صورتحال سے متعلق الیکشن کمیشن کو آگاہ کردیا۔صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے کہا کہ ریٹرننگ افسران کو مطلوبہ سیکیورٹی فراہم نہیں کی گئی۔ ریٹرننگ افسران کے دفاتر میں کاغذات نامزدگی جمع کرواتے وقت رش زیادہ ہے۔ زیادہ رش کی وجہ سے آر اوز دفاتر میں کشیدگی کی صورتحال ہے۔امیدوار اور حامیوں کے درمیان لڑائی جھگڑے ہو رہے ہیں۔ یہی صورت حال برقرار رہی تو لاہور میں الیکشن شیڈول معطل کرنا ہوگا۔ذرائع کے مطابق صوبائی الیکشن کمشنر کے خدشات پر الیکشن کمیشن کی طرف سے نوٹس لیے جانے کا امکان ہے۔















