اسلام آباد(اے بی این نیوز ):وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان سے کیرولینا فیوینٹس کی قیادت میں گرین کلائمیٹ فنڈ کے وفد نے ملاقات کی ۔ملاقات کا مقصد دو روزہ مذاکرات، ورکشاپس اور پاکستان کی گرین فنانسنگ ترجیحات کو حل کرنے کی منصوبہ بندی کا آغاز کرنا تھا۔ شیری رحمان نے گرین کلائمیٹ فنڈ کے وفد کو خوش آمدید کہا اور گرین فنانسنگ کے لئے پاکستان کی ترجیحات کو حل کرنے کے لئے اپنی خواہش اور عزم کا اظہار کیا۔ ملاقات میں وفاقی وزیر نے پاکستان کے لئے ایک پائیدار اور سرسبز مستقبل کو یقینی بنانے کے لئے مل کر کام کرنے کی ضرورت کو اجاگر کیا۔ اس موقع پر گرین کلائمیٹ فنڈ کے وفد نے پاکستان کے ماحولیاتی ایجنڈے کے حصول کیلئے وزارت ماحولیاتی تبدیلی کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ شیری رحمان نے کہا کہ دو روزہ مذاکرات اور ورکشاپس گرین کلائمیٹ فنڈ اور وزارت ماحولیاتی تبدیلی کو پاکستان کی گرین فنانسنگ کی ترجیحات پر مزید تفصیل سے بات کرنے کے لئے ایک پلیٹ فارم فراہم کریں گے، ہم گرین فنانسنگ کے لئے پاکستان کی کوششوں میں تعاون اور شراکت داری کو مضبوط بنانے کے طریقے بھی تلاش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت ماحولیاتی تبدیلی پاکستان کے لیے ایک پائیدار اور سرسبز مستقبل کے حصول کے لیے پرعزم ہے، اس مقصد کے لئے گرین کلائمیٹ فنڈ اور دیگر شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے۔















