اسلام آباد(نیوزڈیسک)چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ طاہر اشرفی نےملک میں مہنگائی کے طوفان پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی کر کے لوگوں کی حیات تنگ کرنے والوں کو آخرت میں نہیں بخشا جائے گا۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صدر مملکت، وزیراعظم اور آرمی چیف تمام اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ بٹھائیں، ان حالات سے نکلنے کے لیے اتحاد انتہائی ضروری ہے۔ طاہر اشرفی نے کہا کہ اس وقت متوسط طبقہ پس چکا ہے، امیر بھی رو رہے ہیں، ملک میں میثاق معیشت کی ضرورت ہے، عدم برداشت بڑھتی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ کسی کو محراب و منبر کو قتال کے لیے استعمال کی اجازت نہیں دی جاسکتی، کسی نے توہین مذہب کی ہے تو اسے سزا دینے کا حق عدالتوں کا ہے۔حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ پاکستان علما کونسل نے تمام مذہبی و سیاسی قیادت کے پاس جانے کا فیصلہ کیا ہے۔پاکستان علما کونسل کے چیئرمین نے کہا کہ الیکشن کمیشن انتخابات میں پیسے کا استعمال روکے، فیصلہ کیا ہے ہم الیکشن میں اپنا کوئی امیدوار کھڑا نہیں کریں گے، اپنے ہم خیال امیدواروں کی حمایت کریں گے۔حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ رمضان المبارک کی آمد آمد ہے، درخواست ہے کہ ذخیرہ اندوزی نہ کی جائے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں رہنے والے غیرمسلموں کے حقوق کا تحفظ کیا جائے۔