کراچی(اے بی این نیوز)سٹی کورٹ/ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت کراچی میں منشیات اور غیر قانونی اسلحہ کیس میں ملزمہ انمول عرف پنکی سے متعلق اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ عدالت نے جسمانی ریمانڈ اور جیل بھیجنے کے فیصلے کے خلاف دائر نظرِثانی درخواست پر تحریری حکم نامہ جاری کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق منشیات فروش ملزمہ انمول عرف پنکی کے خلاف درج مقدمات کی سماعت کے دوران عدالت نے اہم فیصلے سنائے۔ عدالت نے ملزمہ کو جیل بھیجنے کے سابقہ فیصلے کے خلاف نظرِثانی درخواست منظور کرتے ہوئے کیس میں نیا حکم جاری کر دیا۔
عدالت نے ملزمہ انمول عرف پنکی کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے اسے تفتیشی افسر کے حوالے کرنے کا حکم دیا ہے۔ اس سے قبل 12 مئی کو جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی نے ملزمہ کو جیل بھیجنے کا حکم دیا تھا۔
تفتیشی افسر انسپکٹر ساجدہ نے جوڈیشل مجسٹریٹ کے فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ ملزمہ سے مزید تفتیش درکار ہے تاکہ اس کے مبینہ منشیات گینگ سے متعلق مکمل معلومات حاصل کی جا سکیں۔
تفتیشی افسر کے مطابق ملزمہ منظم طریقے سے منشیات کی سپلائی میں ملوث ہے اور وہ ایک گینگ کی سربراہی بھی کر رہی ہے۔
عدالت نے دلائل سننے کے بعد جوڈیشل مجسٹریٹ کا ملزمہ کو جیل بھیجنے کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے 15 مئی تک جسمانی ریمانڈ منظور کیا۔عدالت نے وومن جیل سپرنٹنڈنٹ کو بھی ہدایت کی ہے کہ ملزمہ کو تفتیشی افسر کے حوالے کیا جائے، جبکہ ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد اسے دوبارہ جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا جائے۔
مزید برآں عدالت نے حکم نامے کی کاپی ایس ایس پی انویسٹیگیشن اور وومن جیل سپرنٹنڈنٹ کو بھی ارسال کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی ہے۔
مزید پڑھیں۔نور مقدم قتل کیس کی سماعت جون کے پہلے ہفتے تک ملتوی، عدالت کا عملے کو خصوصی ہدایت















