سعودی عرب نے حج کے دوران نظم و ضبط برقرار رکھنے کے لیے ایک بڑا اور سخت فیصلہ کرتے ہوئے بغیر پرمٹ حج( hajj) ادا کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا اعلان کر دیا ہے۔ سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ اس بار قوانین کی( saudi arab) خلاف ورزی کرنے والوں کو کسی بھی صورت رعایت نہیں دی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق جو افراد بغیر اجازت یا سرکاری پرمٹ کے حج کرنے کی کوشش کریں گے، انہیں فوری طور پر ملک بدر کر دیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ ایسے افراد پر آئندہ 10 سال تک سعودی عرب میں داخلے پر مکمل پابندی بھی عائد ہوگی، جو ایک انتہائی سخت قدم تصور کیا جا رہا ہے۔
اعلامیے میں مزید بتایا گیا ہے کہ حج کے دوران بغیر پرمٹ پکڑے جانے والے افراد پر بھاری جرمانے بھی عائد کیے جائیں گے، جو 20 ہزار سے لے کر ایک لاکھ ریال تک ہو سکتے ہیں۔ حکام کے مطابق یہ جرمانے اس لیے مقرر کیے گئے ہیں تاکہ لوگ غیر قانونی طریقے سے حج کرنے سے باز رہیں اور نظام کو متاثر نہ کریں۔
سعودی وزارت داخلہ نے اپنے بیان میں زور دیا کہ حج جیسے بڑے مذہبی اجتماع میں لاکھوں افراد شریک ہوتے ہیں، اس لیے سیکیورٹی، نظم و ضبط اور امن و سلامتی کو یقینی بنانا انتہائی ضروری ہے۔ ان اقدامات کا مقصد یہی ہے کہ حجاج کرام کو بہتر سہولیات فراہم کی جائیں اور کسی بھی قسم کی بدنظمی سے بچا جا سکے۔















