اہم خبریں

حکومت اور کے الیکٹرک کے درمیان امور طے کرنے کے لئے ٹاسک فورس قائم کی گئی ہے، انجینئرخرم دستگیر

اسلام آباد( اے بی این نیوز  )وفاقی وزیر برائے توانائی انجینئر خرم دستگیر نے کہا ہے کہ حکومت اور کے الیکٹرک کے درمیان امور طے کرنے کے لئے ٹاسک فورس قائم کی گئی ہے، کے الیکٹرک کے معاہدے کے بعد تمام امور طے پا جائیں گے۔ جمعہ کو ایوان بالا کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران سینیٹر مشتاق احمد کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم آفس کی جانب سے واجب الادا رقوم کی وصولی سمیت دیگر امور کے لئے ایک ٹاسک فورس قائم کی گئی ہے جس کی سربراہی شاہد خاقان عباسی کو سونپی گئی ہے، جوں ہی ٹاسک فورس اپنی سفارشات کو حتمی شکل دیتی ہے تو اس کی منظوری کے لئے وفاقی کابینہ میں بھیجا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے شہریوں کو ریلیف کے لئے روزانہ ایک ہزار میگاواٹ بجلی فراہم کی جا رہی ہے، حکومت کے الیکٹرک کے ٹیرف پر 20 روپے فی یونٹ ریلیف فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی سپلائی کی مد میں کے الیکٹرک کی جانب سے واجب الادا رقم کی مالیت 490 ارب روپے تھی جبکہ گزشتہ سال کے الیکٹرک نے 85.133 ارب روپے واجب الادا رقم کی ادائیگی کی۔

متعلقہ خبریں